اک چیخ اور بعد میں صدیوں کی خامشی
جسموں کی بے وفائی پہ روحوں کی خامشی
قدرت مصوری میں ہے مصروف رات دن
شکلیں شدید کرب میں، رنگوں کی خامشی
دھرتی کی دھڑکنوں کو فقط ہم نہ سن سکے
کہتی تھی ورنہ کچھ تو پرندوں کی خامشی
روئی ہیں سن کے یہ بھی ہواؤں کی سسکیاں
ٹوٹی ہے پہلی بار چٹانوں کی خامشی
اک نسل درس گاہوں کے ملبے میں کھو گئی
دل چیرتی ہے ماؤں کے بستوں کی خامشی
بڑھتا رہا زمین کی ہر تہہ میں اضطراب
دیکھی گئی نہ اس سے درختوں کی خامشی
محمود شام
- ایک یونیورسٹی صرف علم ارضیات کے لئے - April 17, 2025
- تینوں بڑی پارٹیاں مرکزی اجلاس طلب کریں - April 13, 2025
- نظریات کی معدومی۔ ایک آفاقی منصوبہ - April 10, 2025